20 ستمبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے ملت ایران کےدفاع مقدس کو قوموں کی خود مختاری اور انسانی اھداف حاصل کرنے کےلئےایک عظیم واقعہ اور گرانقدر تجربہ قرار دیا ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت احمدی نژاد نے آج بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کے مزار کے سامنے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے مسلح افواج کے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ملت ایران کی قربانیان اور ایثار ایسا گرانقدرر تجربہ ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے قومیں خودمختاری اور انسانی اھداف حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومیں ملت ایران کے نقش قدم پر چل کر اپنے یہ اھداف حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران دشمنوں نے ملت ایران کے خلاف بڑی سازشیں کیں لیکن ملت ایران کی دلیری اور ایثار سے یہ ساری سازشیں ناکام ہوگئيں۔ صدر جناب احمدی نژاد نے ملت ایران کی ترقی و سربلندی کو آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران مسلح افواج کی قربانیوں کا مرہون منت قراردیا اور کہا کہ مسلح افواج نے اسلامی انقلاب کے اقدار اور ثمرات نیز علاقے میں امن و استحکام کی پاسدار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہفتہ دفاع مقدس ملت ایران کی خود مختاری اور اتحاد و انسجام کا مظہرہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے مسلح افواج کے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ملت ایران دفاع مقدس کی طرح آج بھی انسانی کرامت و وقار، دنیا میں عدل و انصاف کے قیام اور حریت پسند قوموں کی خود مختاری کی خواہاں ہے اور ان امور کی برقراری پر تاکید کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا  پرحاکم تسلط پسند نظام کا حتمی ھدف قوموں کو ترقی سے روکنا اور ان کے حوصلے پست کرنا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ قوموں کو سامراج کے تسلط سے نجات حاصل کرنے کےلئے متحدرہنا چاہیے اور اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ترقی اور خود مختاری کا راستہ طے کرنا چاہیے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے بعض ایسے ممالک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کو جو خود کو آزادی بیان کا دعویدار کہتےہیں عالمی صیہونیت کی سازش قراردیا اور کہا کہ اس سازش کا مقصد فرقوں اور مذاہب کے درمیاں اختلافات ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سازشیں علاقے میں صیہونی حکومت کی حفاظت کی غرض سے رچی جارہی ہیں۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ مغربی ممالک صیہونیوں کی سازشوں کو عملی جامہ پہناتے ہیں لیکن امت مسلمہ ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گي اور ان کا منہ توڑ جواب دے گی ۔ یاد رہے اکیس ستمبر کو عراق کے سابق خونخوار ڈکٹیٹر صدام نے اپنے سامراجی آقاؤں کے ایما پر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بھرپور جنگ شروع کردی تھی جو آٹھ برسوں تک جاری رہی تھی۔ اس دن ہرسال ایران میں ہفتہ دفاع مقدس شروع ہوتا ہے جس میں اپنے وطن ودین کا دفاع کرنے میں ملت ایران کے ایثارو بہادری کی یاد منائي جاتی ہے۔  

.......

/169